برلن،25جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یوکرائن، جرمنی، فرانس اور روس مشرقی یوکرائن کے تنازعے کے حل کی کوششوں کے سلسلے میں فوری اقدامات کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ جرمن حکومت کے مطابق ان چاروں ممالک کے مندوبین نے پیر کی شام ٹیلی فون پر گفتگو میں سیز فائر کو یقینی بنانے کی خاطر گفتگو کی تھی۔ بعد ازاں مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ تمام رہنماؤں نے متاثرہ علاقوں سے بھاری ہتھیاروں کو ہٹانے کے علاوہ جنگ بندی وقفے پر عملدرآمد کو ترجیح دی گئی ہے۔ دو ہزار چودہ سے شروع ہونے والے اس بحران کے نتیجے میں کم ازکم دس ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔